Aaj Logo

شائع 21 ستمبر 2021 05:00pm

نئے گھر کی دیوار سے کئی سال پرانی گڑیا اور خوفناک خط برآمد

برطانیہ میں نیا گھر خریدنے والے شخص کے پیروں تلے اس وقت زمین نکل گئی، جس اس کے گھر کی پرانی دیوار سے ایک گڑیا نکل آئی جس کے ہاتھ میں ایک خط موجود تھا۔

میل آن لائن کے مطابق اس 32 سالہ شخص کا نام جوناتھن لیویس ہے جس نے برطانوی شہر لیورپول میںنیا گھر خریدا۔ گھر خریدنے کے چند دن بعد اسے بالائی منزل کی طرف جانے والی سیڑھیوں کے ساتھ دیوار میں ایک چھوٹا سا سوراخ نظر آیا۔ اس نے سوراخ میں دیکھاتو احساس ہوا کہ دیوار میں کوئی خلاء موجود ہے۔

تجسس کے مارے جوناتھن نے اس جگہ سے دیوار توڑی تو اندر خالی جگہ موجود تھی جس میں ایک گڑیا رکھی ہوئی تھی اور اس گڑیا کے ہاتھوں میں ایک خط تھمایا ہوا تھا، جس کی تحریر نے جوناتھن کی راتوں کی نیند اڑا دی۔

رپورٹ کے مطابق اس خط میں لکھا تھا کہ 'محترم پڑھنے والے/گھر کے نئے مالک، مجھے آزادی دلانے پر شکریہ۔ میرا نام ایملی ہے۔ میرے اصل مالک 1961ء میں اس گھر میں رہتے تھے۔ مجھے وہ پسند نہیں تھے لہٰذا انہیں یہاں سے جانا پڑا۔ انہوں نے یہاں صرف اتنا کیا کہ گیت گائے اور شادی کی۔ یہ سب کریہہ آمیز تھا۔ میں نے ان کو خنجر سے موت کے گھاٹ اتارنے کا انتخاب کیا۔ امید کرتی ہوں کہ تمہارے پاس بھی خنجر ہوں گے۔ امید ہے تمہیں پرسکون نیند آئے گی۔'

لیور پول ایکو سے گفتگو کرتے ہوئے جوناتھن نے بتایا ہے کہ 'میں نے چند ہفتے قبل ہی یہ گھر خریدا ہے۔ جب دیوار سے یہ گڑیا برآمد ہوئی تو میں نے اپنے سٹیٹ ایجنٹ سے بات کی، اس نے بتایا کہ اس گھر کی دہائیوں سے تزئین و آرائش نہیں کی گئی اور ممکنہ طور پر یہ گڑیا 60 کی دہائی سے ہی اس دیوار میں موجود ہو سکتی ہے۔'

ایجنٹ کا کہنا تھا کہ 'چار پانچ سال قبل صرف کچن کی تعمیر و مرمت کرائی گئی تھی۔'

رپورٹ کے مطابق جوناتھن کو اس کے دوست اور فیملی کے لوگ نصیحتیں کر رہے ہیں کہ وہ اس گھر کو واپس فروخت کے لیے پیش کر دے اور خود کسی اور جگہ پر منتقل ہو جائے، تاہم جوناتھن کا کہنا ہے کہ 'اگرچہ یہ خط خوفزدہ کردینے والا ہے لیکن میں اسی گھر میں ہی رہوں گا۔'

Read Comments