کورونا وائرس اور لاک ڈاﺅن کی وجہ سے ہالی ووڈ فلموں کی شوٹنگ بھی تعطل کا شکار ہو گئی تھی جو اب 12جون سے دوبارہ شروع ہونے جا رہی ہے۔
تاہم اب کورونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لیے فلموں میں قربت کے مناظر کی عکسبندی مختلف طریقے سے ہو گی۔
میل آن لائن کے مطابق قبل ازیں ہیرو اور ہیروئن براہ راست ایسے مناظر عکسبند کرواتے تھے، لیکن اب پابندی لگا دی گئی ہے کہ یا تو ایسے مناظر "سی جی آئی" (کمپیوٹر سے تیار کردہ ویژوول ایفیکٹس) کے ذریعے تیار کیے جائیں گے یا پھر سرے سے فلم میں ایسے مناظر شامل ہی نہیں ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق جب تک کورونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی برقرار ہے، تب تک فلموں میں ہیرو، ہیروئن اور دیگر فنکاروں کی قربت کے مناظر اسی طریقے سے کمپیوٹر کے ذریعے بنائے جائیں گے اور حقیقت میں اداکار ایک دوسرے کے قریب نہیں آئیں گے۔
انڈسٹری رپورٹس کے مطابق شوٹنگز پر فنکاروں کے روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ انہیں ہاتھ دھونے کی تربیت دی جائے گی اور کورونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لیے دیگر تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
فلم ایڈیٹرز کی ٹریڈ ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری 22صفحات پر مشتمل دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ فلموں کے سکرپٹ میں موجود قربت کے لمحات کے تمام مناظر دوبارہ لکھے جائیں گے، ختم کر دیئے جائیں گے یا سی جی آئی کے ذریعے تیار کیے جائیں گے۔