جنوبی کورین کمپنی "LG" کی جانب سے Velvet کے نام سے نئی اسمارٹ فون سیریز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے،LG نے پہلی بار الفانیومیرک نام کی روایت کو توڑ دیا ہے۔
LG کی جانب سے گزشتہ دنوں نئے فون کی جھلک پیش کی گئی تھی اور اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ ایسے نام کا انتخاب کیا جارہا ہے جو صارفین کی توجہ حاصل کرسکے گا۔
LG Velvet کا ڈیزائن اس کمپنی کے "G" سیریز فونز سے بالکل مختلف ہے، اس کے بیک پر "Rain Drop" کیمرا ڈیزائن ہے جس میں بڑے مین کیمرے کے نیچے دیگر لینسز اور ایل ای ڈی فلیش کو چھوٹا رکھا گیا ہے۔
LG کی جانب سے تھری ڈی آرک ڈیزائن کو بھی اس فون کا حصہ بنایا ہے جس میں فرنٹ اسکرین خم کھا کر بیک پر جاتی نظر آتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ Velvet نام رکھنے کا مقصد پریمیئم سافٹنس ہے جو کہ اس نئی ڈیوائس کی خاصیت ہے۔
LG کی جانب سے فون کی دیگر تفصیلات نہیں بتائی گئیں جیسے متعارف کرانے کی تاریخ یا قیمت وغیرہ، مگر ایک جنوبی کورین سائٹ کے مطابق یہ نیا فون 15 مئی کو پیش کیا جاسکتا ہے۔
اس نئے فون میں ممکنہ طور پر اسنیپ ڈریگن 765 پراسیسر دیا جارہا ہے جبکہ فائیو جی سپورٹ بھی دی جائے گی۔
اس سے قبل LG نے آخری بار اپنا فلیگ شپ فون "V-60 ThinQ 5G" فروری میں متعارف کرایا تھا۔
یہ گزشتہ سال کےV-50 کا اپ ڈیٹ ورژن تھا جس میں اسنیپ ڈریگن 865 پراسیسر، 8 جی بی ریم، 128 سے 256 جی بی ریم (جس کو ایس ڈی کارڈ سے 2 ٹی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے) اور 5000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔
V-60 تھن کیو فائیو جی یعنی نام سے ہی واضح ہے کہ اس میں 5 جی سپورٹ موجود ہے جبکہ ہیڈ فون جیک، 32 بٹ ہائی فائی کواڈ ڈی اے سی اور کمپنی کا اپنا تھری ڈی ساﺅنڈ انجن دیا گیا جو پس منظر کے شور کی جگہ بولنے والے کی آواز پر توجہ دیتا ہے۔
یہ فون 6.8 انچ کے پی او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہے مگر اس میں دوسری اسکرین کو بھی اٹیچ کیا جاسکتا ہے، جس کے لیے 360 ڈگری hinge کو استعمال کیا جاتا ہے۔
اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم سے لیس اس فون میں فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر دیا گیا ہے۔
اس فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں 64 میگا پکسل مین کیمرا، 13 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا اور ٹائم آف فلائٹ کیمرا موجود ہے جبکہ فرنٹ پر 10 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے۔
بیک کیمروں سے 8 کے ویڈیو ریکارڈنگ کی جاسکتی ہے جبکہ ڈسٹ اور واٹر ریزیزٹنٹ بھی موجود ہے۔