پاکستان کے سابق وکٹ کیپر اور کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ اعظم خان گزشتہ 10 سالوں سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور وہ کلب کرکٹ میں 60، 65 سینچریاں بناچکے ہیں۔
سابق کپتان وسیم اکرم کو گزشتہ دنوں دیئے گئے ایک انٹرویو میں معین خان کا کہنا تھا کہ وہ اعظم خان کی کارکردگی کے حوالے سے مطمئن ہیں۔
معین خان کا کہنا تھا کہ لوگ اعظم خان سے میری طرح کرکٹ کھیلنے کی امید کرتے تھے لیکن اس کا کھیلنے کا انداز الگ ہے، وہ ٹی ٹوئنٹی کا کھلاڑی ہے۔
وسیم اکرم نے اعظم خان کے والد اور اُن کی پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان سے سوال کیا کہ کیا اعظم کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی چاہیئے۔
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے معین نے کہا کہ ہماری کرکٹ کا نظام بہت عجیب ہے، جو پاکستان ٹیم میں کھیل رہا ہوتا ہے اسے فرنچائز نہیں کھلاتی اور جو لیگز میں پرفارم کر رہا ہوتا ہے اسے ریجن کی ٹیمیں موقع نہیں دیتیں۔
واضح رہے کہ اعظم نے پی ایس ایل فائیو کے 9 میچوں میں ایک نصف سینچری کی مدد سے 150 رنز بنائے تھے۔