Aaj Logo

شائع 11 اپريل 2020 06:42am

کورونا: دنیا بھر میں اموات کی تعداد ایک لاکھ 2 ہزار سے متجاوز

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا کے 209 ممالک میں 102,734 افراد ہلاک اور 16 لاکھ  99 ہزار سے زائد متاثر ہوچکے ہیں۔

امریکا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 2 ہزارسے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکا میں مسلسل ساتویں روز بھی ایک ہزار دو سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور مجموعی تعداد 18 ہزار 7 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

فرانس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے 1341 افراد ہلاک ہوئے اور مجموعی تعداد 13 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

اسپین میں کورونا کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد کیسز رجسٹر ہوئے ہیں اور چوبیس گھنٹوں میں مزید 655 افراد ہلاک ہوئے۔

جرمنی میں کورونا کے ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد مریض موجود ہیں جب کہ 27 سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بیلجیم میں 3 ہزار اور  نیڈر لینڈز میں 25 سو سے زائد اموات ہوئی ہیں۔

اٹلی میں کورونا سے اموات کی تعداد اٹھارہ ہزار 8 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ چوبیس گھنٹے میں مزید چھ سو دس افراد ہلاک ہوئے اور ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد مریض مختلف اسپتالوں میں موجود ہیں۔

برطانیہ میں کورونا مزید آٹھ سو اکیاسی زندگیاں نگل گیا اور مجموعی تعداد 9 ہزار کے لگ بھگ پہنچ چکی ہے۔ کورونا کے مریضوں کی تعداد 73 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

دنیا بھر میں 3 لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد کی کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔ چین میں 77 ہزار، اسپین اور جرمنی میں 53 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوئے۔ اٹلی میں 30 ہزار، ایران میں 35 ہزار سے زائد افراد کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

Read Comments