نیویارک سٹی: امریکی شہر نیوریارک میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے 40 افراد کو سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ اجتماعی قبر میں دفنا دیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں نیویارک میں ہو رہی ہیں، صحت کا بہترین نظام رکھنے والا ملک بھی اس مہلک وائرس کے آگے بے بس نظر آتا ہے۔
نیویارک میں کورونا وائرس کے نئے 10 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسپتالوں میں سہولیات کم پڑگئیں اور لاشوں کی اجتماعی تدفین کی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ درجنوں تابوتوں کو ایک بڑے گڑھے میں دفن کیا جا رہا ہے، تدفین کرنے والوں نے مہلک وائرس سے بچاؤ کیلیے حفاظتی لباس بھی زیب تن کر رکھا ہے۔
یہ تصاویر نیویارک کے جزیرے ہارٹ کی ہیں جہاں لاوارث لاشوں اور جن کے اہل خانہ تدفین کے اخراجات نہیں اُٹھا سکتے انہیں سرکار کی جانب سے دفنایا جاتا ہے اور اب کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کو بھی یہاں دفنایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 697 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 68 ہزار اور 895 ہے۔