کورونا وائرس چین میں تباہی مچانے کے بعد اب یورپ کا رخ کرچکا ہے۔
چین میں حکومت کے سخت اقدامات کی وجہ سے وبا پر قابو پایا جانے لگا ہے لیکن اٹلی سمیت یورپ میں بڑھتے کیسز نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔
آج دنیا بھر میں مزید ایک سو نوے افراد لقمہ اجل بنے۔ کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار چھ سو پانچ ہوگئی۔
عالمی ادارے صحت نے یورپ کو کورونا وائرس کا نیا مرکز قرار دے دیا ہے۔ اس کی وجہ چین میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں آتی کمی اور اٹلی میں ان کی تعداد میں اضافہ ہے۔
اٹلی میں ہلاکتیں بارہ سو سے زائد ہوچکی ہیں۔ اسپین میں بھی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ ایران میں ستانوے افراد ہلاک ہوئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد چھ سو گیارہ ہوگئی۔
دنیا بھر میں اب تک تہتر ہزار سے زائد افراد اس مرض سے نجات حاصل کرچکے ہیں لیکن اس وقت بھی ستر ہزار سے زائد افراد اس مرض میں مبتلا ہیں۔ جن میں سے ساڑھے پانچ ہزار سے افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔