فیصل آباد میں کپڑا بنانے کی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے چھت زمیں بوس ہوگئی۔ ملبے تلے دب کر چار مزدور جاں بحق اور بارہ زخمی ہوگئے، حادثے کی وجوہات تاحال سامنے نہ آسکیں۔
سرگودھا روڈ پر سمانہ پل کے قریب کپڑا بنانے کی فیکٹری میں بوائلر اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کردیا، کئی مزدوروں کی حالت تشویشناک ہے۔
امدادی کارروائیوں میں شہریوں نے بھی حصہ لیا۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اردگرد کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق بوائلر پھٹنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکیں۔ وجوہات کا تعین ہونے پر ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔