مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپسی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کرنے والا لاہور ہائی کورٹ کا بنچ تبدیل ہوگیا۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ اب مریم نواز کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے نئے ججز روسٹر میں نیب کیسز کی سماعت کرنے والا نیا دو رکنی بنچ تشکیل دے دیا۔
نیب کیسز کی سماعت کیلئے بنچ کے سربراہ جسٹس علی باقر نجفی ہونگے جبکہ جسٹس طارق سلیم شیخ بھی بنچ کا حصہ ہیں، مریم نواز کی درخواست پر ابتدائی سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں بنچ نے کی تھی، موسم سرما کی تعطیلات کے باعث جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں قائم بنچ کی تبدیلی کی وجہ سے مریم نواز کا کیس دوسرے بنچ کو منتقل کیا گیا تھا۔
مریم نواز نے لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی ہے کہ ان کی درخواست کے حتمی فیصلے تک 6 ہفتوں کے لئے 1 بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے اور پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیتے ہوئے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا 20 اگست 2018 کا حکم غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیکر کالعدم کیا جائے۔