لاہور: رواں ماہ بنگلادیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے قومی ٹیم کے انتخاب پر سلیکٹرز نے مشاورت شروع کردی، آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں دھوم مچانے والے حارث رؤف اور سابق کپتان سرفراز احمد کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
بنگلا دیش کیخلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچزکی سیریز، ٹیم کے انتخاب کیلئے سلیکٹرز کی مشاورت شروع ہوگئی۔ چیف سلیکٹر مصباح الحق کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی کا اجلاس رواں ہفتے ہوگا۔
لاہور قلندرز کے نوجوان فاسٹ بولر حارث رؤف بگ بیش لیگ میں شاندار کارکردگی کے بعد سلیکٹرز کی توجہ کا مرکز بن گئے، اس کے علاوہ سابق کپتان سرفراز احمد کی بطور وکٹ کیپر ٹیم میں واپسی ہوسکتی ہے۔
فہیم اشرف، ذیشان اشرف، عماد بٹ، محمد موسیٰ، محمد حسنین، خوشدل شاہ اور عماد وسیم کی اسکواڈ میں شمولیت امکان ہے، اس کے علاوہ فخر زمان اور حسن علی کے نام فٹنس رپورٹ کلیئر ہونے کی صورت میں زیر غور آئیں گے۔
بنگلادیش کے خلاف وقت کی کمی کے باعث فوری طور پر تیاریوں شروع کردی گئی ہیں، میچز کے اوقات کار اور ٹکٹوں کی قیمتوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تین ٹی ٹونٹی میچز کے ٹکٹوں کی قیمتیں زیادہ نہ رکھنے پر اتفاق ہوا ہے، موسم کو میچز کے اوقات کار طے کرتے وقت سامنے رکھا جائے گا۔
موسم کی وجہ سے میچز دوپہر 2 بجے شروع کرنے کی بھی تجویز ہے جبکہ گراؤنڈ اسٹاف کو پچز کی تیاری فوری شروع کرنے اور موسم کو پیش نظر رکھتے ہوئے بیٹنگ اور سپورٹنگ وکٹ بنانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔