کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کا فائنل سینٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیموں کے درمیان کل سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہورہا ہے۔
فائنلسٹ ٹیموں کے کپتان بابر اعظم اور نعمان علی ٹرافی کے ہمراہ مزار قائد پہنچے اور فوٹوشوٹ کروایا۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے خیبرپختونخوا کو 39 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔
-245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 205 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ زوہیب خان اور اسرار اللہ کی نصف سنچریاں بھی خیبرپختونخوا کو شکست سے نہ بچاسکیں۔
پہلی اننگز میں 2وکٹیں حاصل کرنے والے ناردرن کےکپتان نعمان علی نے دوسری اننگز میں 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل ناردرن نے 8وکٹوں کے نقصان پر 411 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ جواب میں خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم 306 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
-105رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے 6وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کی۔
دوسری جانب سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا میچ ڈرا ہوگیا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن کے باعث سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ میچ کے آخری روز سنٹرل پنجاب کے اوپنر سلمان بٹ اور کپتان احمد شہزاد نے ناقابل شکست سنچریاں اسکور کیں۔
سلمان بٹ نے 158 اور احمد شہزاد نے 100 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کامران اکمل 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
-205 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نےدن کے اختتام پر 1وکٹ کے نقصان پر 309 رنز بنالیے تھے۔
پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے 597 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 392 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
ادھربلوچستان اور سندھ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا میچ بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ 44 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے 1وکٹ کے نقصان پر 181 رنز بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔
بلوچستان کے اوپنر عمران بٹ نے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس سے قبل 471 رنز کے جواب میں سندھ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 515 رنزبناکر آؤٹ ہوئی۔
مڈل آرڈر بیٹسمین فوا دعالم نے میچ کے آخری روز سنچری اسکور کی۔ وہ 116رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ بلوچستان کی جانب سے تاج ولی اور جلات خان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔