کراچی: قومی ترانے کے خالق اور شاہنامہ اسلام کے تخلیق کار ابوالاثر حفیظ جالندھری کی آج 37ویں برسی منائی جارہی ہے، انہوں نے اپنے قلم سے ہمیشہ نظریہ پاکستان کی حفاظت اور اشاعت کے لیے تحاریر لکھیں۔
14 جنوری 1900 کو بھارتی شہر جالندھر میں پیدا ہونے والے حفیظ جالندھری نے رومانوی، مذہبی، ملی، اور فطری موضوعات پر تحریریں پیش کیں تاہم ان کا سب سے بڑا کارنامہ چار جلدوں پر مشتمل شاہنامہ اسلام ہے۔
حفیظ جالندھری تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن تھے، قیام پاکستان کے بعد انہوں نے افواج پاکستان میں بطور ڈائریکٹر جنرل مورال کے طور پر بھی کام کیا۔
حفیظ جالندھری کے قومی ترانوں اور ملی نغموں نے قوم کا مورال ہمیشہ بلند کیا، حکومت پاکستان نے ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں 'پرائڈ آف پرفارمنس' اور 'ہلال امتیاز' سے نوازا۔
آپ 21 دسمبر1982ء کو اس جہاں فانی سے کوچ کر گئے۔