راولپنڈی: بارش اور خراب موسم نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا، راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن محض 18 اوورز کا کھیل ہوسکا۔ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 263 رنز بنالئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 2 روز بھی بارش ہوگی۔
راولپنڈی میں بارش اور خراب موسم نے تاریخی ٹیسٹ کا مزہ کرکرا کردیا، دوسرے روز بھی شیڈول وقت سے پہلے میچ ختم کرنا پڑا۔ پورے دن میں صرف ڈیڑھ گھنٹےکا کھیل ہوا، جس میں 18 اعشاریہ 2 اوورز ممکن ہوسکے۔
سری لنکا نے اپنے اسکور میں 61 رنز کا اضافہ کیا جبکہ دن کی واحد وکٹ شاہین شاہ آفریدی نے لی۔
مہمان ٹیم نے اب تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنالئے ہیں۔ دھننجیا ڈی سلوا 72 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ ان کے ساتھ وکٹ پر2 رنز بناکر پریرا موجود ہیں۔
قومی ٹیم کی جانب سے اب تک شاہین شاہ اور نسیم شاہ نے دو دو جبکہ عثمان شنواری اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
واضح رہے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ ٹیسٹ میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔