لندن میں بھارتی نژاد ڈاکٹر کو بریسٹ کینسر سے ڈراکر خواتین مریضوں کا نامناسب معائنہ کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 50 سالہ بھارتی فزیشن کو 11 سال کے بچوں سمیت 6 مریضوں کیخلاف جنسی استحصال کی 25 شقوں کا مرتکب پایا گیا ہے۔
بھارتی نژاد فزیشن منیش شا کو گرفتاری کے بعد عدالت میں ہونے والی سماعت پر پیش کیا گیا تھا۔
اس ڈاکٹر نے اپنے مریضوں کو اس بات پر قائل کیا کہ وہ اُن کا غیر ضروری اور تفصیلی معائنہ کرے گا جس کیلئے اُس نے ہالی وڈ اداکارہ انجیلینا جولی اور جیڈ گوڈی کی مثالوں کا بھی استعمال کیا۔
ڈاکٹر پر الزام ہے کہ اُس نے مشہور شخصیات کے کینسر کو استعمال کرکے مریضوں کو خوف زدہ کیا تاکہ وہ خواتین مریضوں کا غیر ضروری جسمانی معائنہ کرکے اپنی جنسی تسکین کرسکے۔
دوسری جانب ڈاکٹر منیش شا کی جانب سے کسی بھی غلط کام کی تردید کی گئی ہے، اُن کا دعویٰ ہے کہ وہ دفاعی علاج کررہے تھے۔