افغانستان کرکٹ بورڈ نے اصغر افغان کو ایک بار پھر تینوں فارمیٹس کا کپتان مقرر کردیا۔
اے سی بی کی جانب سے انہیں رواں برس مئی میں ورلڈکپ سے محض 2 ماہ قبل کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا اور تینوں فارمیٹس کے الگ الگ کپتانوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔
اصغر کو قیادت سے ہٹانے کے بعد ٹیسٹ ٹیم کی قیادت رحمت شاہ، ون ڈے ٹیم کی قیادت گلبدین نائب اور ٹی ٹوئنٹی کی قیادت راشد خان کو سونپی گئی تھی تاہم ورلڈکپ میں ایک بھی میچ نہ جیتنے والی ٹیم میں ایک بار بورڈ نے اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے راشد خان کو تینوں فارمیٹس کا کپتان مقرر کردیا تھا۔
اصغر افغان اس سے قبل 2015 ورلڈکپ کے بعد سے ٹیم کی قئیادت کررہے تھے مگر 2019 ورلڈکپ سے کچھ عرصہ قبل انہیں اچانک عہدے سے ہٹادیا گیا تھا جس پر ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے بھی تنقید کی گئی تھی۔
بورڈ کے متنازع فیصلے پر محمد نبی اور خود راشد خان نے بھی عوامی سطح پر تنقید کی تھی۔
واضح رہے کہ اصغر افغان افغانستان کرکٹ ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے افغانستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس کے 181 میچز کھیلے جبکہ اس میں سے 104 میں قیادت کے فرائض بھی سرانجام دیئے۔