پاکستان کی معروف ماڈل و اداکارہ ماہ روش نے ایک ٹی وی شو کے دوران اپنی کہانی سنائی تو اسے سن کر سب آبدیدہ ہوگئے۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ کس طرح اُن کی پرورش سنگل پیرنٹ کے ذریعے ہوئی اور اب وہ بھی سنگل پیرنٹ کے طور پر اپنی بیٹی کو پال رہی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ اُن کا شوہر پہلے سے شادی شدہ تھا مگر اُس نے یہ بات بنا بتائے مجھ سے شادی کی۔ ماہ روش نے کہا کہ جب وہ 3 مہینے کے حمل سے تھیں تو اُن کے شوہر نے کہا کہ مجھے تم سے یہ بچہ نہیں چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ میں کیا کمی تھی یا اُسے یہ بچہ کیوں نہیں چاہیئے تھا، اس چیز کا واضح جواب مجھے کبھی بھی نہیں مل سکا۔
انہوں نے بتایا کہ اس تمام تر صورتحال کے بعد انہوں نے اپنے شوہر سے خلع لی۔ ماہ روش نے بتایا کہ وہ اپنے گھر کی واحد کفیل تھیں اور اسی وجہ سے حمل کی حالت میں بھی انہوں نے مختلف جگہوں پر نوکری کی۔ یہ سب بتاتے ہوئے ان کی آنکھوں سے آنسو نکل پڑے۔
ماہ روش نے کہا کہ سنگل پیرنٹ ہونا بہت مشکل ہوجاتا ہے، مزید بتایا کہ میری والدہ ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہوئیں جس کے بعد سنگل پیرنٹ ہونے کے ساتھ ساتھ میری ذمہ داریاں مزید بڑھ گئیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہیپاٹائٹس سی کی آخری اسٹیج پر تھیں اور میں صرف اُن کے لئے کام کررہی تھی کہ بس کسی طرح اپنی والدہ کو بچا لوں۔
انہوں نے کہا کہ جب کسی لڑکی کی طلاق ہوجائے اور اسے گھر سے باہر نکلنا پڑے تو ایک الگ ہی دنیا محسوس ہوتی ہے کیونکہ ایسا لگتا ہے جیسے آپ ہر شخص کے لئے دستیاب ہیں۔
ماہ روش نے کہا کہ جب وہ ڈلیوری کیلئے گئیں تو اُن کے پاس کوئی بھی نہیں تھا، اُن کی والدہ شدید پریشانی میں یہاں سے وہاں چکر لگاتی رہی تھیں تاکہ سب کچھ ٹھیک رہے۔
انہوں نے اپنی دُکھ بھری داستان میں مزید کیا کچھ بتایا؟ ذیل میں ویڈیو ملاحظہ کریں۔