برمنگھم: پشاور زلمی کے اینتھم ہم زلمی نے برطانیہ میں ہونیوالے آرٹی ایس مڈلینڈز ایوارڈز 2019 میں پوسٹ کرافٹ پروڈکشن بیسٹ اینتھم کا ایوارڈ جیت لیا۔
چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ ہم زلمی کو ایوارڈ ملنا پاکستان اور پی ایس ایل کے لیے باعث فخر ہے۔
پاکستان سپرلیگ کی سب مقبول، میڈیا اور برانڈ ویلیو کے لحاظ سے نمبر ون فرنچائز پشاور زلمی نے رائل ٹیلی ویژن سوسائٹی مڈلینڈز ایوارڈز 2019 میں ایوارڈ جیت لیا۔
برمنگھم میں ہونے والی ایوارڈز کی تقریب میں پشاور زلمی کے اینتھم 'ہم زلمی' کو بہترین اینتھم کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ہم زلمی ترانہ کو بہترین پوسٹ پروڈکشن اور ویڈیو ایفکٹس کیٹگری میں ایوارڈ دیا گیا۔
پشاور زلمی کے اینتھم 'ہم زلمی' آر ٹی ایس مڈلینڈز ایوارڈز میں نامزد ہونے والا پاکستان کا واحد اینتھم تھا۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور ترانے کو تیار کرنے والی پوری ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ زلمی کے اینتھم ہم زلمی کو بہترین پوسٹ پروڈکشن کا ایوارڈ ملنا پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔
ہم زلمی پاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرد اینتھم ہے جس کو گزشتہ دو سالوں میں بہت مقبولیت ملی اور انٹرنیشنل میڈیا میں بھی اس اینتھم نے مقبولیت کے ریکارڈز قائم کئے۔