لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے بڑوں میں اختلافات کا معاملہ، پی سی بی اور چیف آپریٹنگ آفیسر محمد سبحان کے راستے الگ الگ ہوگئے۔
پی سی بی نے چیف آپریٹنگ آفیسر کے عہدے سے مستعفی کی تصدیق کردی، سبحان احمد 9 برس پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی او او رہے۔
گورننگ بورڈ اجلاس میں اراکین کو سبحان احمد کی دستبرداری کے بارے میں آگاہ کیا گیا، سبحان احمد کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ آگے بڑھنے کے لیے یہ مناسب وقت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران پی سی بی کے ساتھ یہ سفر شاندار رہا، بین الاقوامی فورمز پر پی سی بی کی نمائندگی کرنا اعزاز تھا۔
انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس سفر میں سپورٹ کیا۔
چئیرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ سبحان احمد کی پی سی بی کے لیے خدمات غیر معمولی رہی ہیں۔
واضح رہے گزشتہ دنوں بھی یہ خبریں سامنے آرہی تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے بڑوں میں اختلافات ختم نہیں ہوسکے تھے جس کی وجہ سے پی سی بی میں روز مرہ کے کام ٹھپ ہوکر رہ گئے تھے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے ایک بار پھر اپنی چھٹیوں میں توسیع لے لی تھی۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان اور سی او او سبحان احمد میں اختلافات بڑھ گئے تھے۔ جس کی وجہ سے سبحان احمد نے مزید ایک ہفتے کے لیے چھٹی لے لی تھی۔