Aaj Logo

شائع 22 نومبر 2019 02:20pm

برسبین ٹیسٹ: امپائرز نے آنکھوں پر پٹیاں باندھ لیں

برسبین ٹیسٹ میں شاہین مشکل میں پڑگئے، دوسرا روز بھی کینگروز کے نام رہا۔ یہ صورتحال مزید بگڑ سکتی تھی مگر امپائرز نے تو جیسے آنکھوں پر پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔

آسٹریلوی بلے بازوں نے قومی بولرز کے اوسان خطا کردیئے، پورے دن کے کھیل میں آسٹریلیا نے ایک وکٹ پر 312 رنز بنا ڈالے اور پہلی اننگز میں 72 رنز کی برتری بھی حاصل کرلی۔

قومی بولرز کا بھرم ٹوٹ گیا، کینگروز کے سامنے بے بس ہوگئے۔ لیگ اسپنر یاسرشاہ کا جادو چلا اور نہ فاسٹ بولرز کی برق رفتاریاں کام آئیں۔ پورے دن اکیس نو بالز بھی کرائیں لیکن امپائرز کی آنکھوں پر پٹی بندھی رہی۔

امپائرز کی سنگین غلطیوں پر کمنٹیٹرز اور آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ شدید برہم نظر آئے۔ انہوں نے امپائرنگ کے معیار پر انگلیاں اٹھاتے ہوئے اسے کھیل کیلئے خطرہ قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے دوسرے روز کے کھیل میں ہنستے کھیلتے 312 رنز بنائے۔ جو برنز نے 97 اور لبوشانے نے ففٹی اسکور کی۔

ڈیوڈ وارنر نے کیرئیر کی 22 ویں سنچری جڑدی، وہ 151 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں اور کل اسی اسکور سے اپنی اننگز کو آگے بڑھائیں گے۔

Read Comments