Aaj Logo

شائع 13 نومبر 2019 05:16am

ٹماٹر سمیت سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کی اصل وجہ

کراچی: شہرِ قائد میں ٹماٹر کی قیمت ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، 25 روپے اضافے کے بعد ٹماٹر 300 روپے کلو ہوگیا ہے۔

پرائس کنٹرول کمیٹیاں سرکاری نرخ کا اطلاق کرانے میں بری طرح ناکام ہیں اور سبزی منڈی سمیت شہر بھر میں کہیں بھی سبزیوں کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد نہیں ہورہا۔

کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ٹماٹر کی قیمت ٹرپل سنچری کر چکی ہے، شہری اس بڑھتے ہوئے اضافے سے بے حد پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔

ایسوسی ایشن کے مطابق موسم سرد ہے اور بارشوں نے فصل خراب کردی تھی جو دوبارہ لگائی گئی ہے۔ کراچی میں ایران کا ٹماٹر آنا بند ہوگیا ہے، بلوچستان سے بھی لال ٹماٹر کی سپلائی کم ہوگئی ہے جبکہ سندھ میں ٹماٹر کی فصل تیار ہورہی ہے، 15 روز میں صورتحال واضح ہوگی۔

شہر کے ایک بازار سے 380 روپے فی کلو ٹماٹر کی آواز بھی سنائی دی۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں صرف 2 ٹماٹروں کی قیمت 40 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق آلو، پیاز، ٹماٹر اور دور دراز علاقوں سے آنے والے فروٹ کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ کنٹینرز کی کمی بھی بیان کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آزادی مارچ کی وجہ سے دس ہزار سے زائد کنٹینرز پولیس نے قبضہ میں لے رکھے ہیں، چھ ہزار کنٹینرز تو صرف اسلام آباد میں ہی رکاوٹوں کے طور پر استعمال کئے گئے ہیں۔

ادھر وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ نے ٹماٹر 17 روپے کلو قرار دے دیئے۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ مارکیٹ میں ٹماٹر کی موجودہ قیمت سے لاعلم نظر آتے ہیں، ایک صحافی نے ٹماٹر کی فی کلو قیمت کا معلوم کیا تو انہوں نے 17 روپے کلو بتائی۔

عبدالحفیظ شیخ سے سوال پوچھا گیا کہ کون سی منڈی میں ٹماٹر 17 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ دکانداروں نے ٹماٹر پرانی قیمت میں ذخیرہ کرکے رکھے ہوئے ہیں اور اب وہ مہنگا فروخت کررہے ہیں۔

Read Comments