Aaj Logo

شائع 05 نومبر 2019 07:17am

بچوں کو خوفزدہ کرنے والا فلٹر انتہائی مقبول

معروف ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ صارفین میں مقبول ترین ایپ سمجھی جاتی ہے، جس کا نیا فلٹر بے حد مقبول ہورہا ہے۔

اسنیپ چیٹ کے صارفین ہر نئے فلٹر کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہیں۔

یہ ایپلیکیشن آئے دن نت نئے فلٹرز صارفین کے لیے متعارف کراتی ہے جن میں میک اوور فلٹر، ڈوگ فلٹر اور اس طرح کے متعدد فلٹرز بے حد مقبول ہیں۔

حال ہی میں اسنیپ چیٹ نے ہیلووین کی مناسبت سے متعدد نئے فلٹرز متعارف کرائے ہیں جس میں سے ایک "اسپائڈر فلٹر" سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلٹر کا استعمال کرکے والدین اپنے بچوں کو ڈرا رہے ہیں جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

اس فلٹر میں ایک بڑی مکڑی منہ پر رینگتی ہے اور یہ مکڑی بالکل حقیقی مکڑی کی طرح دکھائی دے رہی ہے جس کی وجہ سے بچے خوفزدہ ہو کر چیخیں مار رہے ہیں اور ان کے والدین ویڈیو کو ریکارڈ کر کے اسے سوشل میڈیا پر ڈال کر لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

اس فلٹر کے حوالے سے متعدد صارفین نے اسے بچوں کے ساتھ بد سلوکی  قرار دیا اور اس فلٹر کو بچوں پر استعمال کرنے والی ماؤں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ۔

متعدد صارفین اس فلٹر کو بے حد پسند کر رہے  ہیں اور اس سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس فلٹر کو ایک چیلنج کے طور پر لیا جارہا ہے اور اس فلٹر کی ویڈیوز کو ایک کروڑ 80 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

Read Comments