لاہور: ٹی 10 لیگ میں کرکٹرز نہ بھیجنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی کی طرف سے پابندی کا خدشہ ہے۔
مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ابوظہبی میں 14 سے 24 نومبر تک منعقد ہونے والی ٹی 10 لیگ میں پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے کرکٹرز کو این او سی دے کر واپس لینے کے سبب مشکلات سے دوچار ہو گیا ہے، ماضی میں لیگ کے پہلے دو ایڈیشن کی میزبانی گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیے گئے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم نے کی تھی۔
پہلی بار اس ایونٹ کی میزبانی شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی کر رہا ہے، ساتھ ہی امارات کرکٹ بورڈ بھی ماضی کے برخلاف اس مرتبہ ایونٹ میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اماراتی کرکٹ بورڈ کے نائب چیئرمین خالد الزارونی نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے اس سلسلے میں ٹیلی فون پر رابطہ کرکے لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کو نا بھیجنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی جس کے جواب میں چیئرمین پی سی بی اس حوالے سے انہیں کسی قسم کی یقین دہانی کے حوالے سے ناکام رہے۔
رپورٹ کے مطابق پی سی بی کے مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ پر ٹی 10 لیگ میں کھلاڑیوں کو نہ بھیجنے کے حوالے سے شدید دباﺅ ہے، اگرچہ بورڈ نے پہلے 16 کرکٹرز کو لیگ کے لیے این او سی جاری کر دیا، بعد میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کرکٹرز کے فٹنس کیمپ کی بنیاد پر دیا گیا این او سی منسوخ کردیا گیا۔