اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور منصوبہ ریکارڈ وقت میں مکمل کرنے پراپنی حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرتار پور سکھ یاتریوں کے استقبال کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور منصوبے کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں گرو نانک جی کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات کے لئے ریکارڈ مدت میں کرتار پور منصوبہ مکمل کرنے پراپنی حکومت کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کرتارپور سکھ یاتریوں کے استقبال کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
گرونانک جی کے 550ویں جنم دن کی تقریبات کے لئے ریکارڈ مدت میں کرتاپور تیار کرنے پر میں اپنی حکومت کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ pic.twitter.com/2cyPNbDemh
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 3, 2019
سکھ یاتریوں کے خیر مقدم کیلئے کرتار پور پوری طرح تیار ہے۔ pic.twitter.com/2rkHfsyztM
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 3, 2019
کرتار پور راہداری منصوبے کی افتتاحی تقریب میں بھارت سے نوجوت سنگھ سدھو اور سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ سمیت اہم شخصیات شریک ہوں گی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم نےکرتارپور زیارت کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے پاسپورٹ اور 10 روز قبل اندراج کرانے کی شرط ختم کردی تھی۔
کرتارپور وہ مقام ہے جہاں سکھوں کے پہلے گرونانک جی نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے تھے، گرودوارے میں ان کی ایک سمادھی اور قبر بھی ہے جو سکھوں کے لیے ایک مقدس مقام کی حیثیت رکھتی ہے۔ کرتارپور میں واقع دربار صاحب گرودوارہ کا انڈین سرحد سے فاصلہ چند کلو میٹر کا ہی ہے اور نارووال ضلع کی حدود میں واقع اس گرودوارے تک پہنچنے میں لاہور سے130 کلومیٹر کا فاصلہ اور تقریباً 3 گھنٹے لگتے ہیں۔ یہ گرودوارہ تحصیل شکر گڑھ کے ایک چھوٹے سے گاؤں کوٹھے پنڈ میں دریائے راوی کے مغربی جانب واقع ہے۔