Aaj Logo

شائع 28 اکتوبر 2019 06:00am

ابوبکر البغدادی کو لگا کہ وہ اب بھاگ نہیں سکتا، تو اس نے کیا کِیا؟

نیویارک: گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے باقاعدہ طور پر کالعدم دہشتگرد تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے "دی مرر" نے ابو بکر البغدادی کی ہلاکت کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ کالعدم داعش کے سربراہ کو جب اندازہ ہوا کہ وہ بھاگ نہیں سکتا تواس نے خود کش جیکٹ پہن کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جبکہ اس دوران اس کی دونوں بیویاں بھی ماری گئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران ابو بکر البغدادی کو جب احساس ہوا کہ بچ نکلنا اب ممکن نہیں رہا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ اس کی دونوں بیویاں بھی اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ماری گئیں تاہم امریکی فوجیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے ۔

دی مرر نے اپنی رپورٹ میں امریکی حکام کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ٹاپ سیکریٹ لیول پر شام میں آئی ایس آئی ایس کے آخری گڑھ کے کیخلاف بڑا آپریشن کیا گیا ہے جہاں ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ کی نشاندہی کی گئی تھی۔

امریکی ملٹری ذرائع نے رائٹرز کو تصدیق کی ہے کہ شام میں کالعدم داعش کے لیڈر کیخلاف آپریشن کیا گیا ہے لیکن تاحال کامیابی کی تصدیق سامنے نہیں آسکی ہے ۔

نیوز ویک کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے وائٹ ہاﺅس کو بتایا ہے کہ انہیں پورا اعتماد ہے کہ البغدادی مارا گیا ہے۔

Read Comments