Aaj Logo

شائع 26 اکتوبر 2019 12:23pm

پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان ویمنز نے بنگلادیش ویمنر کو 14 رنز سے ہرادیا

لاہور: قومی ویمنز ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلادیش کو 14رنز سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔ جواب میں بنگلادیش کی ویمز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز ہی بناسکی۔

اس سے قبل قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور محض 15 رنز پر دونوں اوپنرز آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئیں، جس کے بعد کپتان بسمعہ معروف اور عمیمہ سہیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 60 رنز کی شراکت قائم کی۔ اختتامی اوورز میں سدرہ نواز نے 5 گیندوں پر 4 چوکے جڑ کر ٹیم کا مجموعہ 126 تک پہنچایا۔

قومی ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔ بنگلادیش کی جانب سے جہاں آراء عالم نے 17 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی ابتدائی 2 وکٹیں محض 6 رنز پر گرگئیں۔ تجربہ کار بلے باز رومانہ احمد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکیں۔

رومانہ احمد نے 30 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلادیش کی ویمز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز ہی بناسکی۔ اسپنر انعم امین نے 13 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس کے علاوہ عالیہ ریاض، کائنات امتیاز، بسمعہ معروف، سعدیہ اقبال اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔

Read Comments