اسلام آباد: بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کے کنٹرول لائن سے ملحق علاقوں میں مبینہ کیمپوں پر حملہ کے حوالے سے تخیلاتی اعداد و شمار اور بیانات پوری دنیا کے ساتھ ساتھ بھارت کے اندر بھی جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں، بھارتی میڈیا سمیت ہر طبقہ مذاق اڑانے لگا ہے۔
صحافی سنیش ایلکس فلپ ایک آرٹیکل میں لکھتے ہیں کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان حیران کن ہے۔ تاریخ میں پہلی بار دیکھنے میں آیا کہ بپن راوت حقائق کے بجائے تخیلاتی اعداد و شمار دے رہا ہے جس سے دنیا بھر میں بھارت ایک مذاق بن کر رہ گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افواج عموماً میتیں حاصل کرنے اور مناسب تصدیق کے بعد سرکاری تفصیلات جاری کرتی ہیں، مگر جنرل بپن راوت نے ایسا نہیں کیا اور اب عوام اور منتخب نمائندے بھونڈے بیان پر بھارتی آرمی چیف کا مذاق اڑا رہے ہیں۔
سنیش ایلکس فلپ نے کہا کہ بھارتی فوج کے سینئر افسران بھی حیران ہیں کہ ایل او سی پر کارروائی کو کیوں بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا؟ بھارت نے پہلے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر میں دہشتگردوں کے کیمپوں پر جوابی کارروائی کی گئی۔ بھارتی فوج نے مختلف پیغامات دیئے کہ افواہوں پر کان نہ دھرا جائے۔ میڈیا کو جاری باضابطہ بیان میں بھی کسی جانی نقصان کا ذکر نہیں کیا گیا لیکن چند گھنٹوں بعد ہی انڈین آرمی چیف نے حقائق کے برعکس بیان دے کر سب کو حیران کر دیا۔
صحافی نے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے مختلف ٹویٹس میں بھارتی آرمی چیف کے بیان کی دھجیاں اڑا دیں۔ پاک فوج نے غیر ملکی صحافیوں اور سفارتکاروں کو ان علاقوں کا دورہ بھی کرا دیا جن میں بھارتی آرمی چیف نے دہشتگردوں کے کیمپوں کو نشانہ بنانے کا عویٰ کیا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بہترین حکمت عملی سے بھارتی ہائی کمیشن کو بھی دورہ کی دعوت دی، بھارتی آرمی چیف کے بیان پر سوال بھی اٹھائے اور کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن اپنے آرمی چیف کے بیان کے ساتھ نہیں کھڑا۔ ترجمان پاک فوج نے بھارتی ہائی کمیشن کو بھی ایل او سی لے جانے کی پیشکش کرکے لاجواب کردیا۔