Aaj Logo

شائع 22 اکتوبر 2019 04:49am

کتنے "پلیٹلیٹس" زندگی کیلئے ضروری ہیں اور یہ کم ہوجائیں تو کیا ہوگا؟

لاہور: گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اچانک طبعیت خراب ہونے کے باعث نیب کی ٹیم نے سروسز ہسپتال منتقل کیا ہے، رپورٹس میں بتایا گیا کہ ان کے پلیٹلیٹس کی تعداد 16 سے 12 ہزار رہ گئی ہے۔

ایک صحت مند انسان کے جسم میں ڈیڑھ لاکھ سے 4 لاکھ تک پلیٹلیٹس ہوتے ہیں ، اگر انسان کے پلیٹلیٹس کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے کم ہوجائے تو اس صورتحال کو تھرومبو سائٹو پینیا کہتے ہیں، ایسی صورتحال میں انسان کسی کو خون اور پلیٹ لیٹس عطیہ نہیں کرسکتا۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 10 ہزار سے کم پلیٹلیٹس انسانی زندگی کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔ اگر پلیٹ لیٹس کی تعداد 10 ہزار یا اس سے کم ہوجائے تو یہ انتہائی کم سطح ہوتی ہے جس کے باعث اندرونی بلیڈنگ کا خطرہ پیدا ہوجاتا ہے۔

خیال رہے کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان نے ٹوئٹر پر 2 میڈیکل رپورٹس شیئر کی ہیں جن میں سے ایک سرکاری اور دوسری شریف میڈیکل سٹی کی ہے۔ سرکاری میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد صرف 16 ہزار رہ گئی ہے جبکہ شریف میڈیکل سٹی کی رپورٹ میں پلیٹ لیٹس کی تعداد 12 ہزار بتائی گئی ہے۔

صحت کی تشویشناک صورتحال کے باعث میاں نواز شریف کو نیب لاہور کے دفتر سے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں میڈیکل بورڈ ان کا طبی معائنہ کر رہا ہے۔

اس حوالے سے لیگی کارکنوں کی جانب سے نیب دفتر کے سامنے احتجاج کیا گیا، لیگی کارکنوں نے ٹائر جلا کر روڑ بلاک کیا۔ لیگی کارکنوں کی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے بھی نوازشریف کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ذاتی معالج نے سرکاری رپورٹس دیکھ کر خبردار کیا ہے کہ نوازشریف کی جان کو سخت خطرہ ہے ۔نوازشریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔

Read Comments