یوگانڈا میں 44 بچوں کو جنم دینے والی خاتون پر مزید بچے پیدا کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مریم نباتانزی کی عمر اس وقت 40 سال ہے۔ ان کی شادی 28 برس قبل 12 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔ شادی کے بعد وہ 15 بار بچوں کو جنم دینے کے عمل سے گزری ہیں۔ اس دوران ان کے 6 بار جڑواں بچے، 4 بار تین بچے اور 5 بار چار بچے پیدا ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز نے مریم پر مزید بچے پیدا کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ڈاکٹرز کا یہ اقدام ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا جب یہ خبریں سامنے آئیں کی مریم مزید ایک اور بچہ پیدا کرنے کی خواہش مند ہیں کیونکہ ان کے والد کے 45 بچے تھے، تاہم انہوں نے کئی شادیاں کی تھیں جن سے ان کی اولاد تھی۔
ماہرین کے مطابق مریم حیرت انگیز طور پر ایسی جسمانی ساخت کی حامل ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ ایک سے زائد بچوں کو جنم دیا۔
واضح رہے کہ یوگانڈا کی ان خاتون کے ہاں آخری بار چار سال قبل جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔ اس وقت ان کی عمر 36 سال تھی جبکہ زچگی کے دوران ان کا ایک بچہ موت کا شکار ہو گیا تھا۔
مریم کے شوہر نے چار سال قبل انہیں چھوڑ دیا تھا جس کے بعد وہ اکیلے اپنے بچوں کی پرورش کرنے پر مجبور ہیں۔ اس وقت ان کے ساتھ 38 بچے رہتے ہیں۔