پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے بدتمیزی کرنے والے صحافی کا اسٹیڈئیم میں داخلہ بند کرتے ہوئے ایکریڈیشن کارڈ منسوخ کردیا ہے۔
گزشتہ دنوں پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے سرفراز احمد سے پوچھا تھا کہ آپ نے سری لنکا سے شکست پر قوم کو مایوس کیا، اس بری کارکردگی پر آپ کے مستقبل میں میچ دیکھنے کون آئے گا؟
"You've disappointed the cricket fans so much that they've started cursing you. Who will come to see you play in the #NationalT20Cup?" - a journalist to Pak's Captain Sarfraz Ahmed
Irrespective of his form, this was very unprofessional.
[I do not own the rights to this video.] pic.twitter.com/5wzoRPY89r
— Israr Ahmed Hashmi (@IamIsrarHashmi) October 14, 2019
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے فیصل آباد کے صحافی نے جس انداز میں بدتمیزی کی، اس پر ٹیسٹ وکٹ کیپر سخت ناراض ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے خبر کی تصدیق کی ہے کہ سرفراز احمد کے ساتھ ایک مقامی صحافی نے بدتمیزی کی تھی جس پر بورڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صحافی کا ایکریڈیشن کارڈ منسوخ کردیا اور نجی ٹی وی کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے۔
کرکٹ بورڈ نے صحافی پر قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔
پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ میڈیا کے حوالے سے بورڈ کی پالیسی کلیئر ہے کہ کرکٹرز ہمارے ہیروز اور اسٹار ہیں، ان سے سوالات ضرور پوچھے جائیں لیکن کسی کو بدتمیزی یا اخلاقی حدود پار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سوال پوچھنا میڈیا کا حق ہے لیکن کسی کو بدتمیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سرفراز احمد نے صحافیوں کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں سندھ کی کپتانی سے انکار کردیا تھا جس کے بعد اسد شفیق کو ان کی جگہ کپتان بنایا گیا۔
خیال رہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 13 اکتوبر سے شروع ہوگیا ہے جو 24 اکتوبر تک فیصل آباد میں کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی اور رنر اپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ سری لنکا نے تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کیا ہے جس کے بعد سے ہی قومی ٹیم کے کپتان تنقید کی زد میں ہیں۔