Aaj Logo

شائع 15 اکتوبر 2019 07:32am

مردہ بچے کیلئے کھودی گئی قبر سے زندہ بچی برآمد

بریلی: مردہ بچے کو دفنانے کے لیے کھودی جانے والی قبر سے کپڑوں میں لپٹی ایک نوزائیدہ زندہ بچی برآمد کی گئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک جوڑے کے یہاں مردہ بچے کی پیدائش ہوئی۔ بچے کو دفنانے کے لیے مقامی قبرستان میں قبر کھودی جارہی تھی، لیکن دو فٹ کھدائی کے بعد اُس وقت سب کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئی جب وہاں ایک نوزائیدہ زندہ بچی برآمد ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق قبر کے اندر موجود بچی کپڑے میں لپٹی ہوئی تھی اور سانس لے رہی تھی۔ بچی کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں سینے کے انفیکشن کی تشخیص ہوئی۔ بچی کا علاج جاری ہے۔

قبل از وقت پیدائش کے باعث بچی زندہ بچ گئی کیوں کہ ایسے بچوں کو کم آکسیجن اور درجہ حرات کی ضرورت ہوتی ہے۔

تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ بچی کے والدین کون ہیں اور کون بچی کو دفنا کر چلا گیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں لڑکیوں کی پیدائش کو برا سمجھا جاتا ہے اور نوزائیدہ بچیوں کو پھینک دینے کے واقعات عام ہیں۔

Read Comments