Aaj Logo

شائع 15 اکتوبر 2019 07:18am

دبئی کے بارے میں 5 مشہور افواہیں

دبئی دنیا کا وہ شہر ہے جس نے حالیہ چند دہائیوں میں بے مثال ترقی کی اور دنیا کا معاشی حب بن گیا، تاہم دنیا میں اس شہر سے متعلق کئی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔

٭ دبئی ملک ہے

گلف نیوز کے مطابق لوگ سمجھتے ہیں کہ دبئی ایک ملک ہے۔ دبئی دراصل متحدہ عرب امارات کی 7 امارات میں سے ایک ہے۔

لوگ دبئی کو متحدہ عرب امارات کا دارالحکومت بھی خیال کرتے ہیں جو حقیقت میں ابوظہبی ہے۔

٭ تیل پر انحصار

دبئی کے بارے میں یہ غلط فہمی بھی پائی جاتی ہے کہ یہ تیل کی دولت سے مالامال امارت ہے، مگر ایسا بالکل نہیں ہے۔ دبئی کی معیشت کا دارومدار تیل پر نہیں بلکہ رئیل اسٹیٹ، ٹورازم اور فنانس پر ہے۔

٭ غیر مستحکم امارت

دبئی کے بارے میں عمومی خیال یہ ہے کہ یہ ایک غیرمستحکم امارت ہے۔ حالانکہ دبئی میں 3 ہزار میگاواٹ کا سولر پارک بنایا گیا ہے اور اس سمیت دیگر کئی ایسے بڑے بڑے منصوبے ہیں جو کئی بڑے ممالک کے پاس بھی نہیں ہیں۔

٭ ثقافت سے عاری

دبئی کے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ اس کا اپنا کوئی کلچر نہیں ہے، وہاں بس چمک دمک اور گلیمر ہی ہے۔ حالانکہ دبئی اپنی قدیم ترین روایات کا امین ہے۔ اس کی اپنی ایک ثقافت بھی ہے۔ دبئی اوپرا سے بے شمار آرٹ گیلریز تک اس ثقافت کے مظاہر موجود ہیں اور دیکھے جا سکتے ہیں۔

٭ مذہبی عدم برداشت اور پابندی

دبئی کے بارے میں یہ افواہیں بھی ہیں کہ یہ دوسروں کے اعتقاد کے متعلق عدم برداشت رکھتا ہے۔ وہاں کے قوانین انتہائی سخت بلکہ ڈریکونین ہیں۔ وہاں ورکرز کی فلاح کا خیال نہیں رکھا جاتا۔ وہاں خواتین بااختیار نہیں ہیں۔ وہاں ہر چیز درآمد کی جاتی ہے، وغیرہ وغیرہ۔

لیکن یہ تمام افواہیں ہی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

Read Comments