سری نگر: سال 2016 میں بھارتی فضائیہ میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب مقبوضہ کشمیر میں لینڈ کرنے والے بھارتی طیاروں کے پائلٹس کو پاکستانی ہیکرز نے مبینہ طور پر "دل دل پاکستان" جیسے ملی نغمے سنا دیئے۔
اس وقت کی ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی ہیکرز اکثر جموں ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کی بھارتی طیاروں کو فراہم کردہ فریکوینسی کو ہیک کر لیتے، جس کے بعد بھارتی پائلٹس کو مشہور پاکستانی بینڈ "وائٹل سائنز" کے ملی نغمے سننے پر مجبور کیا جاتا۔
بھارتی پائلٹ نے میڈیا کو اس ضمن میں بتایا کہ ان کے ساتھ یہ کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہو رہا بلکہ اکثر اوقات لینڈنگ کے دوران ہمیں ایسے ملی نغمیں سننے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال کی پیشِ نظر وہ اودھم پور کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرتے ہیں جو بعد ازاں ہمیں متبادل فریکوینسی فراہم کر دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم وی ایچ ایف ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہیں جو کہ لائن آف سائٹ رابطے کا ذریعہ ہے جس کے تحت ہر دکھنے والی جہاز کے ساتھ رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہیکرز اس ٹیکنالوجی کی کمزوری کا فائدہ اٹھا کر ہمارا رابطہ ہیک کر لیتے ہیں۔