Aaj Logo

شائع 12 اکتوبر 2019 04:56am

بغیر جلد کے بچے کی پیدائش، مصنوعی جلد لگانے کا کامیاب آپریشن

ٹیکساس: امریکا میں بغیر جلد کے پیدا ہوانے والے بچے کو زندگی دینے کے لیے 10 ماہ میں مصنوعی جلد تیار کرکے بچے کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔

برطانوی جریدے ڈیلی میل میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق دس ماہ کے جابیری گرے نامی بچے کی پیدائش امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں ہوئی، بچہ کی پیدائشی طور پر پلکیں اور گردن سے پاؤں تک جلد نہیں تھی۔

بچے کو مقامی ڈاکٹرز نے لاعلاج قرار دیتے ہوئے والدین کو کہا کہ اس کی نشونما ہونا ناممکن ہے۔ مگر بچے کے والدین نے ہار نہیں مانی اور اسے اسی حالت میں امریکی شہر ہیوسٹن کے ٹیکساس چلڈرن اسپتال میں منتقل کردیا۔

بچے کی والدہ نے ٹیکساس چلڈرن اسپتال کے ماہرین کو اپنی زچگی کی تمام تفصیلات بتائیں اور کہا کہ مجھے حمل کے اوقات میں کوئی مشکل بھی پیش نہیں آئی سب کچھ ٹھیک تھا لیکن میں اب بے حد پریشان ہوں کہ میرا بچہ کیسے بغیر جلد کے پیدا ہوگیا ہے۔

 

ماہرین نے بچے کےمکمل معائنے کے بعد لیبارٹری میں مصنوعی جلد تیار کی جس کے بعد اس کا کامیابی سے آپریشن کر کے بچے کی گردن سے لے کر پاؤں تک جلد ٹرانسپلانٹ کی گئی۔

والدین نے بچے کے جسم پر جلد آنے پر بےحد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دس ماہ بعد اپنے بچے کو ہاتھ میں اٹھا سکتے ہیں اور اسے محسوس کرسکتے ہیں۔

Read Comments