بھارتی میڈیا اپنی رپورٹس میں پاکستان کو بدنام کرنے اور ہمارے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے کیلئے کئی مضحکہ خیز دعوے کرتا رہتا ہے۔ یہاں تک کہ اس بار ایک معمولی دعوت نے بھارتی میڈیا کے کان کھڑے کردئیے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کی جانب سے دی گئی دعوت کو بھی نہ بخشا اور اُسے بھی متنازع بنانے کی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں شاہد خان آفریدی کی جانب سے دی جانے والی یہ پارٹی صرف پارٹی نہیں تھی بلکہ اس کے پیچھے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایک خفیہ کمٹمنٹ بھی تھی۔
بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں شاہد آفریدی کو پاک آرمی کا سب سے دُلارا بچہ بھی قرار دیا اور کہا کہ پاک آرمی کے افسر آصف غفور کو اکثر ہی شاہد آفریدی کے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ کچھ روز قبل شاہد خان آفریدی اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایک خفیہ میٹنگ ہوئی تھی اور اُس میٹنگ میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آفریدی سے ایک خفیہ کمٹمنٹ کی ہے۔
جس کے بعد آفریدی نے فوری طور پر اپنے ملکی اور غیر ملکی دوستوں کے لیے ایک بریانی پارٹی کا اہتمام کیا۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان میں شاہد آفریدی کی اس پارٹی پر سوالات اُٹھائے جا رہے ہیں کہ آخر جنرل قمر جاوید باجوہ نے آفریدی سے کیا وعدہ کیا؟ کیا جنرل قمر جاوید باجوہ آفریدی کو ملک کا وزیراعظم بنائیں گے؟ بھارتی میڈیا کی اس مضحکہ خیز رپورٹ کو آپ بھی ملاحظہ کیجئے:
بھارتی میڈیا کی اس مضحکہ خیز اور بے بنیاد رپورٹ پر بھارتی میڈیا چینل کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا، جس نے شاہد آفریدی کی ایک چھوٹی سی دعوت کو اس قدر متنازع بنانے کی کوشش کی۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے اپنے گھر میں کچھ دوستوں کے اعزاز میں ایک عشائیے کا اہتمام کیا تھا، جس میں سابق لیجنڈ ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر اور کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ اور سابق کرکٹر سعید انور سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔