Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 اکتوبر 2019 04:02am

کابل: تین بھارتی قیدیوں کے بدلے 11 طالبان رِہا

کابل: افغانستان میں امریکا کے زیر استعمال بگرام ملٹری بیس سے 11 طالبان قیدیوں کو مبینہ طور پر تین بھارتیوں کے بدلے رہا کر دیا گیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طالبان ذرائع نے بتایا کہ اتوار کے روز قیدیوں کا یہ تبادلہ افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ طالبان کے رہا ہونے والے قیدیوں میں صوبے کنڑ اور نمروز کے دو سابق صوبائی گورنرز بھی شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں رہا ہونے والے طالبان قیدیوں کو طالبان کے ارکان کی طرف سے خوش آمدید کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے وائس آف امریکا کو بتایا ہے کہ اُنہیں فی الحال اس بارے میں تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں اور وہ ان کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد آگاہ کریں گے۔

امریکی حکام یا افغان حکومت کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی قیدیوں کو گزشتہ برس چار افغان اہلکاروں کے ساتھ اُس وقت طالبان نے گرفتار کر لیا تھا جب وہ بغلان صوبے میں بجلی کے ایک منصوبے پر کام کر رہے تھے۔

ان بھارتی افراد میں سے ایک فرار ہو کر رواں سال مئی میں بھارت پہنچ گیا تھا جبکہ باقی بھارتی شہریوں کے بارے میں اب تک کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔

Read Comments