Aaj Logo

شائع 06 اکتوبر 2019 03:38am

کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش، موسم ٹھنڈا ہوگیا

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

ڈیفنس، کلفٹن، کورنگی میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ ایئرپورٹ، ملیر، شاہ فیصل، لانڈھی، گرومندر، صدر اور دیگرعلاقوں میں بھی بادل برسے۔

بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

 دوسری جانب کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے اکثر علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور ژالہ باری کے بعد خنکی بڑھ گئی۔ موسم بدلنے پر سوپ کا دور چل پڑا۔ محکمہ موسمیات نے چند روز میں خنکی میں اضافے کی نوید سنادی۔

کشمور، گھوٹکی، مچھ، خان پور اور روجھان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ دیر بالا میں پہاڑوں پر برف باری سے موسم سرد ہوگیا۔

کشمور میں موسلا دھار بارش کے ساتھ بجلی بھی معطل ہوگئی، بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسے ۔ پنجاب میں خان پور، روجھان اور راجن پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ مینہ برسا۔

  دیربالا میں عشیری درہ، کمراٹ اور لواری ٹاپ کے پہاڑ بھی برف باری سے سفید ہوگئے۔

Read Comments