Aaj Logo

شائع 02 اکتوبر 2019 04:36am

فردوس جمال کی تنقید پر 'بھولے' کا ردعمل

لاہور: پاکستانی اداکار عمران اشرف نے  فردوس جمال کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘فردوس جمال قابلِ عزت اداکار ہیں اور اگر یہ ‘بھولا’ کا کردار کرتے تو یقیناً مجھ سے ہزار گُنا بہتر ادا کرتے، میں اُن کی عزت کرتا ہوں اور اُن کی رائے کا احترام کرتا ہوں، مجھے بالکل بُرا نہیں لگا میں کوشش کروں گا کہ اور سیکھوں’۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‘کوئی سخت کمنٹ نہ کریں، ہمارے بڑے گھر میں بھی اکثر ہمیں کچھ کہہ دیتے ہیں ضروری نہیں کہ بُرا منائیں’۔

واضح رہے کہ سینئر اداکار فردوس جمال نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے عمران اشرف کی اداکاری پر تنقید کی تھی، اس سے قبل وہ اداکارہ ماہرہ خان پر بھی تنقید کرچکے ہیں جس پر کافی لے دے بھی ہوئی تھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں پروگرام کے دوران میزبان نے سینئر اداکار فردوس جمال سے سوال کیا کہ آج کل کے اداکاروں میں سے ایسا کون ہے جس کو دیکھ کر آپ کو لگے کہ یہ پاکستان کا چمکتا مستقبل ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ‘اداکار تو کوئی نہیں ہے یہ سب شو پیس اور ماڈل ہیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘اِن کو ابھی یہ شعور نہیں آیا کہ اداکاری کیا چیز ہوتی ہے، جیسے کسی ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں ایک ڈمی ہوتی ہے اور اسٹور والے اُس ڈمی کو نقلی بال لگا کر اور لباس پہنا کر کبھی لڑکا بنا دیتے ہیں اور کبھی لڑکی تو ہمارے اداکاروں کا حال بھی اُس ڈمی جیسا ہی ہے’۔

اُن کے جواب پر میزبان نے اداکار عمران اشرف کی تعریف کی اور اُن کی جانب سے نبھائے گئے ‘بھولے’ کے کردار کا ذکر کیا تو فردوس جمال نے کہا کہ ‘عمران اشرف نے جو کردار ادا کیا تھا وہ دِکھاوا تھا، یہ کردار اِس سے پہلے بھی کئی اداکاروں نے کیا ہے اور اِس سے بھی اچھا کیا ہے’۔

Read Comments