بہت سے لوگ گرین ٹی یعنی سبز چائے کا استعمال کرتے ہیں، مختلف ریسرچز نے ثابت کیا ہے کہ گرین ٹی پینا آپ کی صحت کیلئے نہایت ہی فائدے مند ہے، ساتھ ہی یہ ہماری جلد کیلئے بھی بہت بہترین تصور کی جاتی ہے۔
گرین ٹی کا چہرے پر استعمال آپ کی جلد کو تروتازہ اور چمکدار بناتا ہے۔ گرین ٹی کو مندرجہ ذیل طریقے سے جلد پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
٭ گرین ٹی ماسک
گرین ٹی کا فیس ماسک بنا کر استعمال کیا جائے تو یہ جلد کیلئے بہت فائدہ مند ہوگا۔ فیس ماسک بنانے کیلئے ایک بڑا چمچ باریک پسی ہوئی گرین ٹی لیں پھر اس میں 2 چٹکی ہلدی اور ایک بڑا چمچ بیسن ڈال لیں۔
ان تمام چیزوں کو پانی کی مدد سے پیسٹ بنا کر چہرے پر لگائیں اور جب یہ ماسک خشک ہوجائے تو چہرہ دھولیں، ایسا ہفتے میں دو بار کرنے سے جلد چمکدار ہوجائے گی۔
٭ گرین ٹی اسکرب
ہمارے چہرے پر روزانہ دھول مٹی اور گرد جمع ہوجاتی ہے جو کہ چہرے کے مسام کو بند کردیتی ہے، چہرے کو تازہ کرنے کیلئے اسکرب کرنا نہایت ہی ضروری ہے۔
گرین ٹی کا اسکرب بنانے کیلئے سب سے پہلے گرین ٹی کے پتوں کو پانی میں اُبال لیں، جب یہ اچھی طرح اُبل جائیں تو پانی کو چھان کر پتوں سے علیحدہ کر لیں۔ گرین ٹی کے پانی میں چینی ڈال کر اسے چہرے پر ہلکے ہاتھ سے مساج کریں، یہ ایک ایسا نیچرل اسکرب ہے جس سے آپ کے چہرے کے مسام میں موجود تمام گندگی صاف ہوجائے گی۔
٭ گرین ٹی سے آنکھوں کے گرد ہلکوں کا علاج
گرین ٹی آنکھوں کے گرد ہلکوں کیلئے بہت معاون ثابت ہوتی ہے، ہلکوں کیلئے آپ گھر میں موجود گرین ٹی بیگز کو استعمال کرنے کے بعد فریج میں رکھ دیں، جب یہ ٹھنڈے ہو جائیں تو انہیں آنکھوں پر رکھیں، ایسا کرنے سے آنکھوں کے گرد ہلکے اور سوجن بھی ختم ہوجاتی ہے۔
٭ گرین ٹی اسکن ٹونر
ہمیں اپنی جلد کو تروتازہ رکھنے کیلئے ایک ٹونر کی ضرورت ہوتی ہے، مارکیٹ میں ملنے والے ٹونر کیمیکل سے بنتے ہیں جو کہ جلد کیلئے نقصان کا باعث بنتے ہیں۔
اگر آپ ایک نیچرل ٹونر کا استعمال کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے گرین ٹی کو پانی میں اُبال کر چھان لیجیے، پھر اس گرین ٹی میں ایلوویرا جیل شامل کرکے ایک اسپرے بوتل میں محفوظ کرکے فریج میں رکھ دیں۔ ہر تھوڑی دیر بعد اس ٹونر کو اپنے چہرے پر اسپرے کرنے سے جلد چمکدار اور ملائم ہوجائے گی۔