Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

ملازمت کیلئے ازبکستان جانے والے پاکستانیوں پر پابندی کا اعلان

اس ضمن میں جاری کردہ اعلامیے میں ملک بھر کے تمام پروٹیکٹوریٹ دفاتر کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں
شائع 31 دسمبر 2024 12:11pm

اُزبکستان میں ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانیوں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے ازبکستان میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے عمل پر عارضی پابندی کے احکامات جاری کیے ہیں۔

یہ فیصلہ وزارت خارجہ کی جانب سے موصول ہونے والی ان رپورٹس کے بعد کیا گیا جن میں کہا گیا تھا کہ ازبکستان میں مقیم پاکستانی کارکنوں کو تنخواہیں نہ ملنے اور کام کے لیے نامناسب حالات کا سامنا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس ضمن میں جاری کردہ اعلامیے میں ملک بھر کے تمام پروٹیکٹوریٹ دفاتر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر ازبکستان کے لیے مزید کارکنوں کے ’پروٹیکٹر‘ روک دیں۔

خیال رہے کہ بیرون ملک ملازمت کے لیے حکومت پاسپورٹ پر ’پروٹیکٹر‘ لگا کر دیتی ہے جس کے بغیر پاکستانی بیرونِ ملک ملازمت کے لیے سفر نہیں کر سکتا، یہ ایک مہر یا اسٹکر ہوتا ہے جو اب بارکوڈ کے ساتھ لگایا جاتا ہے۔

ناروے جانے کے خواہشمند غیر ملکیوں کیلیے اہم خبر آگئی

پروٹیکٹر کے حوالے سے حکومت کا یہ حکم پہلے سے دیے گئے اجازت ناموں اور اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز یا براہ راست ملازمت کے خواہشمند افراد کی درخواستوں پر بھی لاگو ہو گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اگر کسی ہنگامی صورت حال میں درخواست موصول ہو تو پروٹیکٹوریٹ آف امیگرنٹس متعلقہ کیس پاکستانی سفارت خانے کو بھیج سکتے ہیں لیکن اس کے لیے تمام ضروری دستاویزات اور آجر کی مکمل تصدیق حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ سفارت خانہ کی اجازت کے بعد ہی متعلقہ درخواست پر پروٹیکٹر لگایا جائے۔

پاکستان

uzbekistan

Announcement of ban on Pakistanis

for work