رنگ گورا نہ ہوا، کریم بنانے والی کمپنی پر 50 لاکھ روپے جرمانہ
بھارت میں کنزیومر کمیشن نے ایک شکایت کے جواب میں متعلقہ کاروباری ادارے پر 15 لاکھ روپے (پاکستانی 50 لاکھ روپے) جرمانہ عائد کردیا ہے۔
دہلی کے نِکھل جین نے شکایت درج کرائی تھی کہ اُس نے ایمامی نامی کمپنی کی ’فیئر اینڈ ہینڈسم‘ کریم اشتہار دیکھ کر خریدی تھی۔
شاہ رخ ایمامی کے برانڈ ایمبیسیڈر بنے تھے۔ اُن کی زبانی بتایا گیا تھا کہ اگر کوئی شخص یہ کریم مسلسل تین ہفتے استعمال کرے تو اُس کے چہرے کا رنگ نکھر جائے گا یعنی وہ گورا ہو جائے گا۔
نکھل جین نے بتایا تھا کہ اُس نے کریم چہرے کے ساتھ ساتھ گردن پر بھی لگائی تاکہ کچھ فرق دکھائی نہ دے مگر تین ہفتوں تک صبح و شام کریم لگانے کے باوجود رنگ نکھر نہ سکا۔
2015 میں صارفین کی ایک عدالت نے نکھل کے حق میں فیصلہ دیا جس کے خلاف کمپنی کی اپیل کامیاب رہی تاہم نکھل نے ہمت نہ ہاری اور کنزیومر کمیشن سے رابطہ کیا اور اپنی بات منوالی۔
دہلی کے کنزیومر کمیشن نے فیصلے میں لکھا ہے کہ رنگ گورا کرنے والی کریم کے پیکٹ پر گمراہ کن دعوٰی درج تھا اور ہدایات بھی ادھوری تھیں۔ جرمانے کی رقم میں سے نکھل جین کو صرف 50 ہزار روپے ملیں گے۔ 14 لاکھ 50 ہزار روپے اسٹیٹ کنزیومرز ویلفیئر فنڈ میں جائیں گے۔