Aaj News

اتوار, دسمبر 01, 2024  
28 Jumada Al-Awwal 1446  

اسموگ تدارک اقدام، لاہور میں 3 دن ہر قسم کے ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد

شہر کے 12 داخلی و خارجی راستوں پر نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
شائع 29 نومبر 2024 12:02pm

لاہور: حکومت پنجاب نے لاہور میں جمعہ، ہفتہ، اور اتوار کے لیے ہر قسم کے ہیوی ٹرانسپورٹ کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پابندی کے تحت کسی بھی قسم کے ہیوی ٹریفک، بشمول لوڈر اور ٹریکٹر ٹرالی، کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پابندی کو یقینی بنانے کے لیے ڈی ایس پیز کی نگرانی میں شہر کے 12 داخلی و خارجی راستوں پر نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عمارہ اطہر کے مطابق، ہیوی ٹریفک، خستہ حال، اور انتہائی خطرناک حد تک کالا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

عمارہ اطہر نے بتایا کہ پٹرول، ادویات، اشیائے خور و نوش، اور مسافروں کی آمد و رفت کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کو جانچ پڑتال کے بعد شہر میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پابندی کے اطلاق کو 100 فیصد یقینی بنایا جا رہا ہے، اور ٹرانسپورٹرز کو اسموگ تدارک اور صحت مند ہوا کے لیے حکومت کے احکامات کی پاسداری کرنی چاہیے۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کوشش کرنا ہوگی۔

smog

Lahore smog