ملک کے کئی حصوں میں انٹرنیٹ کی جزوی بندش کی اطلاعات، سوشل میڈیا صارفین کو مسائل کا سامنا
حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس کی بندش کے اعلان کے بعد مختلف شہروں میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ڈاؤن ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے موبائل ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صرف سکیورٹی کے خدشات والے علاقوں میں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس کی بندش کا تعین کیا جائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملک کے باقی حصوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔
قبل ازیں سرکاری ذرائع نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر رات 12 بجے کے بعد سے انٹرنیٹ سروس مکمل بند کردی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروس کی بندش سے وائی فائی سروس بھی متاثر ہوگی تاہم موبائل سروس کھلی رہے گی اور اس کی بندش کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
لیکن رات 12 بجے سے قبل ہی فیس بک، واٹس ایپ سمیت دیگر پیغام رسانی کی ایپلی کیشنز کے صارفین کو مسائل کا سامنا ہے، جس کی تصدیق ڈاؤن ڈکیکٹر نے بھی کی ہے۔