Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

محمد رفیع کے گانوں پر بھارتی اہلکاروں کی تربیت

شائع 18 جون 2020 06:38am

معروف ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر نے لکھا تھا کہ 'نام میں کیا رکھا ہے' لیکن گذشتہ دنوں انڈیا میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی جو یہ بتاتی ہے کہ نام کے اثرات پڑتے ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ لوگ اچھے ناموں اور مشاہیر کے ناموں پر اپنے بچوں کا نام رکھتے ہیں۔

انڈیا کی وسطی ریاست تلنگانہ میں محمد رفیع نامی ایک پولیس افسر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جو پریڈ کی مشق کے دوران اپنے ہم نام معروف گلوکار محمد رفیع کے ایک گیت پر پولیس کو تربیت دیتے نظر آ رہے ہیں۔

سینیئر آئی پی ایس انیل کمار نے اپنے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد رفیع کے تربیت دینے کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بالی وڈ کی فلم 'ہم جولی' کے ایک گیت پر پولیس فورس کی تربیت کرتے نظر آتے ہیں۔

اس میں وہ جس گیت پر مشق کرا رہے ہیں وہ ہے 'ڈھل گیا دن، ہو گئی رات، جانے دو جانا ہے'۔ وہ اس گیت کو اسی انداز میں گاتے ہیں اور پھر 'ون ٹو تھری فور' بھی اسی لے میں کہتے ہیں۔

ان کی اس ویڈیو کے بعد ان کی دوسری ویڈیوز بھی وائرل ہوئی ہیں جن میں ان کے موسیقی سے لگاؤ اور ان کی لگن کا پتا چلتا ہے۔

سوشل میڈیا پر لوگوں نے ان کی پذیرائی کی ہے یہاں تک کہ ان کے افسر انیل کمار نے ان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہیٹس آف ٹو دی ڈرل انسٹرکٹر'۔

انڈیا کے آئی پی ایس ایسوسی ایشن نے تلنگانہ ریاست کے aسپیشل پروٹیکشن فورس کے اے ایس آئی محمد رفیع کی دوسری ویڈیوز بھی پوسٹ کی ہیں اور لکھا ہے کہ 'محمد رفیع گانے گا کر نئے لوگوں میں گھر کی یاد اور جسمانی تھکان بھلانے میں مدد کر رہے ہیں۔

اس کے ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ لیجنڈری گلوکار محمد رفیع اور ان کے درمیان صرف نام ہی مشترک نہیں بلکہ کچھ اور بھی ہے۔

کسی نے لکھا ہے کہ ڈرل تھکا دینے والا عمل ہوتا ہے لیکن ان جیسے انسٹرکٹر اسے آسان بنا دیتے ہیں تو کسی نے لکھا کہ ان کی مزید ویڈیوز کو شیئر کیا جائے۔