نئے اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کے 5 بہترین فیچرز
گوگل کے نئے اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا پہلا پبلک بیٹا ورژن رواں ہفتے متعارف کرایا گیا ہے، جس سے عندیہ ملا ہے کہ کونسے نئے فیچرز جلد اسمارٹ فونز کا حصہ بنیں گے۔
یہ بیٹا ورژن گوگل پکسل ٹو یا نئے گوگل پکسل فون میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔
عام طور پر گوگل کی جانب سے نئے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کو سال کی آخری سہ ماہی میں متعارف کرایا جاتا ہے اور عموماً سب سے پہلے نئے پکسلز فونز کا حصہ بنتا ہے۔
ہر سال ہی اینڈرائیڈ سسٹم میں نئے اضافے کیے جاتے ہیں اور اس بار بھی ایسا ہوگا۔
سی نیٹ کی ایک رپورٹ میں پہلے پبلک بیٹا ورژن میں 5 اہم فیچرز کا ذکر کیا گیا ہے، جو اس سال اسمارٹ فونز کا حصہ بننے والے ہیں۔
٭ کوئیک کنٹرولز
اس نئے اینڈرائیڈ سسٹم میں پاور بٹن میں کچھ دیر تک دبانے سے ایک نئی کوئیک کنٹرولز اسکرین نظر آئے گی، جو زیادہ پاور کنٹرول آپشنز فراہم کرے گی۔
اس میں اسمارٹ ہوم ڈیوائسز کے کوئیک کنٹرولز بھی ہوں گے جبکہ مینیو میں کلک کرکے اس میں اپنی مرضی کے کنٹرولز کو شامل یا نکالا بھی جاسکتا ہے۔
٭ میسجنگ ببل
یہ میسج پہلے سوچا جارہا تھا کہ اینڈرائیڈ 10 کا حصہ ہوگا مگر گوگل نے گزشتہ سال آخری لمحات میں اسے متعارف نہیں کرایا اور اب وہ اینڈرائیڈ 11 میں آرہا ہے۔
یہ فیچر فیس بک میسنجر کے چیٹ ہیڈز فیچرز جیسا ہوگا، جسے ایکٹیو کرنے پر ایک چھوٹا ببل اسکرین پر آپ کچھ بھی یا کوئی بھی ایپ استعمال کررہے ہوں، نظر آئے گا۔
اس ببل پر کلک کرنے پر ایک چھوٹی ونڈو اوپن ہوگی، جس میں صارف نئے میسج پڑھ اور بھیج سکے گا، یعنی ایپ اوپن کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی جبکہ اس ببل کو اپنی مرضی سے اسکرین پر بھی کہیں کھینچ کر لے جانا ممکن ہوگا، میسنجر ہیڈ چیٹ کی طرح اسکرین کے نیچے لے جاکر ختم کیا جاسکے گا۔
اس وقت بیٹا ورژن میں یہ ببلز میسج فی الحال فیس بک میسنجر کو سپورٹ کررہا ہے اور امکان ہے کہ جب اس آپریٹنگ سسٹم کو متعارف کرایا جائے گا تو یہ دیگر ایپس کے ساتھ بھی کام کرے گا۔ ایپ میں کسی چیٹ پر ببل کو ان ایبل کرنے کے لیے دائیں جانب نیچے کونے میں ایک چھوٹا ببل نوٹیفکیشن کے لیے ہوگا، اس پر کلک کرنے سے اس تھریڈ کے لیے ببلز فیچر فوری طور پر ان ایبل ہوجائے گا۔
٭ ایپ سجیشنز
ابھی اینڈرائیڈ میں ایپ ڈرار میں ایپس کی سجیشنز دی جاتی ہیں جو اس کے خیال میں صارف استعمال کرنا چاہتا ہے، جس کا انحصار دن کے وقت اور دیگر پراسرار عناصر پر ہوتا ہے۔ مگر اینڈرائیڈ 11 ایپ سجیشنز کی قطار ہوم اسکرین پر مین ایپ ڈوک میں دیکھی جاسکے گی۔
ان ایپس کے ارگرد جگمگاتا بارڈر ہوگا اور جب بھی صارف ہوم اسکرین پر فون استعمال کرے گا تو ایپس میں تبدیلی ہوگی، جبکہ کسی بھی ایپ پر کچھ دیر کلک دبائے رکھنے سے اسے ہوم اسکرین میں اپنی سجیشن کے طور پر پن کرسکیں گے۔
اسی طرح ان ایپس کو بلاک کرنا ممکن ہوگا، جن کو صارف سجیشنز میں نہ دیکھنا چاہے۔
٭ پہلے سے بہتر میوزک کنٹرولز
گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ 11 میں نئے میوزک کنٹرولز انٹرفیس دیا جارہا ہے اور اسے کوئیک سیٹنگز پینل پر دیا جارہا ہے، جس کا ذکر اوپر کیا جاچکا ہے۔
جب اس انٹرفیس کو استعمال کیا جائے گا میوزک کے کنٹرول کا ایک نیا آپشن آئے گا۔
٭ بلٹ ان اسکرین ریکارڈر
اسکرین پر موجود چیزوں کے لیے اسکرین شاٹس کا فیچر تو بہت عرصے سے موجود ہے مگر کئی بار ایسا ہوتا ہے جب ریکارڈنگ زیادہ بہتر ہوتی ہے۔
مثال کے طور پر جب آپ اپنی گیمنگ کی صلاحیت کا اظہار کرنا چاہتے ہوں یا دیگر۔ یہ نیا فیچر بھی کوئیک سیٹنگز پینل میں موجود ہوگا۔
Comments are closed on this story.