Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

حکومت اپنے بوجھ سے گررہی ہے، خواجہ آصف

شائع 11 فروری 2020 02:39pm

ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔

رہنما ن لیگ نے کہا عمران خان کہتے تھے کہ جب مہنگائی ہو تو سمجھ لینا وزیراعظم کرپٹ ہے۔ آج چینی اور آٹا بحران کے ذمہ دار حکومت کے کفیل ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ  وقت اور حالات بدل رہے ہیں۔ یہ اپنے بوجھ سے خود گررہے ہیں۔ تبدیلی آئینی طریقے سے لائیں گے۔ سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔

خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں  حکومت پر لفظی لاٹھی چارج کیا ہے اور  بولے کہ  حکومت کو چوروں اور مافیا کی پناہ گاہ بنادیا گیا، موجودہ حکومت کے آرکیٹیکٹ  نے ہی آٹا اور چینی بحران پیدا کیا۔

خواجہ آصف نے کہا وقت بدل رہا ہے، ہوا بدل رہی ہے۔ یہ پہلوان اپنے بوجھ سے خود گررہا ہے لیکن ہم کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔

اپنی تقریر کے دوران حکومتی اراکین کی مداخلت پر خواجہ آصف نے طنز کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کہ13 اعشاریہ 24 فیصد سود اور ٹی بلز معیشت بٹھانے کے لوازمات ہیں۔ جن کا سرمایہ لگا ان کے نام سامنے آنے چاہیئں۔

خواجہ آصف کی تنقید کا رخ وزیراعظم کی طرف ہوا تو سرکاری ٹی وی نے اپنا رخ بدل لیا، اور ٹرانسیمشن ہی روک دی۔