Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کا شیڈول طے ہوگیا

شائع 14 جنوری 2020 01:48pm

لاہور: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کا شیڈول طے ہوگیا، سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات کے دوران دی گئی۔ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں معاون کا کردار ادا کیا ہے۔

نئے شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ مہمان ٹیم 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہوگا۔

چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کو حتمی شکل دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہیں۔

چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کی تیاری دونوں بورڈز کی جیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق بنگلادیش کرکٹ ٹیم تین مرتبہ پاکستان آئے گی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔