میلبرن ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کیخلاف آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم
میلبرن ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کیخلاف آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم ہوگئی، تیسرے روز کیوی ٹیم 148 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کینگروز کو 456 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
میلبرن میں بھی کیوی بیٹنگ لائن کا برا حال ہوگیا، 44 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ سے تیسرے روز کا آغاز کیا تو آسٹریلوی بولرز جھپٹ پڑے اور پوری ٹیم کو محض 148 رنز پر چلتا کردیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5 شکار کئے، آسٹریلیا نے فالو آن کے بجائے دوسری باری لی اور 4 وکٹوں پر 137 رنز بنالئے۔
میلبرن ٹیسٹ: آسٹریلیا 467 آل آؤٹ، کیویز کی بھی 2 وکٹیں گرگئیں
میلبرن، 27 دسمبر 2019: آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میلبرن ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 467 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جواب میں کیوی ٹیم کی بھی 2 وکٹیں گرگئیں۔
کھیل کے دوسرے روز آسٹریلیا نے نامکمل اننگز آگے بڑھائی، اسمتھ سنچری سے 15 رنز قبل ہمت ہار بیٹھے۔ ٹریوس ہیڈ اور کپتان ٹم پین نے بولرز کی خوب خبر لی، پین نے 79 رنز بنائے۔
ٹریوس ہیڈ نے کیرئیر کی دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے 114 رنز اسکور کئے۔ نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر نے 4 وکٹیں لیں، آسٹریلوی اننگز 467 رنز پر تمام ہوئی۔
دن کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے 44 رنز بنائے اور اس کی 2 وکٹیں بھی گریں۔
باکسنگ ڈے ٹیسٹ کا پہلا روز: آسٹریلیا نے 4 وکٹوں پر 257 رنز بنالئے
میلبرن، 26 دسمبر 2019: میلبرن میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز کینگروز نے 4 وکٹوں پر 257 رنز بنالئے، لبوشین اور اسٹیون اسمتھ نے نصف سنچریاں اسکور کیں، پہلےدن 84 ہزار سے زائد شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز 84 ہزار سے زائد تماشائیوں نے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کا رخ کیا، کیویز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کی پہلی وکٹ ایک رن پر گری، ٹرینٹ بولٹ نے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر جو برنز کو بولڈ کیا۔
ڈیوڈ وارنر 41 اور لبوشین نے 63 رنز کی اننگز کھیلی، دن کے اختتام پر میزبان ٹیم کا اسکور 4 وکٹ پر 257 رنز رہا، اسٹیون سمتھ 77 اور ٹریوس ہیڈ 25 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کے کولن ڈی گرینڈ ہوم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
Comments are closed on this story.