وزیراعظم کے بھانجے کی گرفتاری کیلئے دوسرا چھاپا، حسان نیازی تاحال مفرور
پی آئی سی حملہ کیس میں پولیس کو مطلوب وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری کیلئے آج بھی چھاپہ مارا گیا مگر گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے باہر فائرنگ کرنے والے دو وکلا کی شناخت کرلی گئی۔
پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے کے الزام میں وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری کیلئے پولیس کی جانب سے آج بھی چھاپہ مارا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق رائے ونڈ کے علاقے میں موبائل لوکیشن اور خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا گیا مگر حسان نیازی کارروائی سے قبل فرار ہوچکے تھے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس وین کو جلانے کے مقدمہ میں حسان نیازی کو نامزد کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق پی آئی سی کے باہر فائرنگ کرنے والے دو وکلاء کی شناخت کرلی گئی ہے جن کے نام ملک حسیب اور اعظم میو ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے دونوں وکلا کی گرفتاری کیلئے رات گئے چھاپے بھی مارے گئے مگر ان کی غیر موجودگی کے باعث گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔
پولیس ذرائع کے مطابق پی آئی سی واقعہ میں ملوث اکیاسی وکلا کو گرفتار کیا جاچکا ہے، بہت جلد فائرنگ کرنے والے وکلا کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.