Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

کولمبین ڈرگ مافیا نے سستا ترین "فولڈ ایبل اسمارٹ فون" لانچ کر دیا

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2019 06:02am
سائنس

کولمبین ڈرگ مافیا نے سنہ 1980 کی دہائی میں منشیات کے بے تاج بادشاہ پابلو ایسکوبار کے  نام سے انتہائی سستا فولڈ ایبل اسمارٹ فون متعارف کروا دیا ہے۔

پابلو ایسکوبار کے بھائی نے سام سنگ، ہواوے اور موٹورولا کے مقابلے میں جدید ترین فولڈایبل اسمارٹ فون متعارف کروایا ہے جو قیمت کے لحاظ سے فی الوقت مارکیٹ میں موجود دیگر فولڈ ایبل اسمارٹ فونز سے کئی گنا سستا ہے۔

موٹورولا کا فولڈ ہونے والا فون موٹورولا ریزر 1500 ڈالرز، سام سنگ گیلیکسی فولڈ 1980 ڈالرز اور چینی کمپنی ہواوے کا میٹ ایکس 2400 ڈالرز میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

تاہم پابلو ایسکوبار کے بھائی "روبرٹو ڈی جیسز ایسکوبار گویریا" نے ایپل کو شکست دینے کے لیے اب "ایسکوبار فولڈ ون " کے نام سے اسمارٹ فون لانچ کیا ہے جس کی قیمت انتہائی کم یعنی صرف 350 ڈالرز رکھی گئی ہے اور یہ دنیا بھر میں کہیں بھی قابل استعمال ہوگا۔

مذکورہ فون کی ویب سائٹ اور تشہیری ویڈیو کے مطابق فون 7.8 انچ کی ایمولڈ (AMOLED) ایف ایچ ڈی اسکرین اور اینڈرائیڈ پائی 9.0 پر مشتمل ہے۔ یہ فون جدید ترین کوالکوم اسنیپ ڈریگن 8 سیریز کی چپ سیٹ کے ساتھ 16 اور 20 میگا پکسلز کے دو کیمروں سے لیس ہے۔

ایسکوبار کمپنی کے سربراہ اولوف گسٹافسن نے ٹیکنالوجی ویب سائٹ سی نیٹ کو ای میل کے ذریعے بتایا ہے کہ انہوں نے ریٹیلرز اور ہول سیلرز کے تمام تر منافع کو ختم کرکے صارفین کو فائدہ پہنچایا ہے۔

یاد رہے کہ ایسکوبار کمپنی 1984 میں برطانیہ میں قائم کی گئی جبکہ اس کے فون ہانگ کانگ میں ذیلی کمپنی پابلو فون لمیٹڈ کے ذریعے تیار کیے جا رہے ہیں۔

گسٹافسن کا کہنا ہے کہ ان کا جدید ترین فون "ایسکوبار فولڈ 1" خصوصیات اور جدّت کے اعتبار سے امریکی کمپنی ایپل اور سام سنگ سے بہت آگے ہے۔

گسٹافسن کا کہنا ہے کہ وہ جلد مزید جدید ترین ڈیوائسز بھی لانچ کریں گے اور امریکی کمپنی ایپل کو شکست دے دیں گے۔

دوسموں والے ایسکوبارفولڈ 1 کے 128 جی بی میموری والے اسمارٹ فون کی قیمت 350 ڈالرز جب کہ 512 جی بی فون کی قیمت 500 ڈالر رکھی گئی ہے، تاہم اگر کسی صارف کو یہ پسند نہیں آتا تو فی الحال واپسی یا ری فنڈ کی سہولت نہیں رکھی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پابلو ایسکوبار کا نام 80 کی دہائی میں کولمبیا میں عام افراد کے لیے ہیرو جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا جب کہ ایسکوبار کی مافیا کی جڑیں امریکا تک پھیلی ہوئی تھیں۔