شاید ذاتی پسند ناپسند کا شکار ہوں، ٹیسٹ بلے باز فواد عالم
کراچی: ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے پاکستان کے مایہ ناز بلے باز فواد عالم نے سالوں سے مسلسل ٹیم سے باہر رہنے کی وجہ بتادی۔
انہوں نے سندھ اور نادرن کے درمیان کراچی میں کھیلے گئے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ شاید وہ ذاتی پسند ناپسند کا شکار ہیں۔ اس میچ میں فواد عالم نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کی 32 ویں سینچری اسکور کی۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک پسند ناپسند کا تعلق ہے تو یہ چلتا رہتا ہے کیونکہ یہ زندگی کا ایک حصہ ہے تاہم پلیئر کو سامنے دیکھتے ہوئے ہر چیز کو مثبت انداز میں لینا چاہیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پسند ناپسند تو ہے اور اسے بتانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ نظر بھی آتا ہے، ہر کوئی پرفامر ہوتا ہے تمام کھلاڑی انیس بیس ہی ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک میرا ذاتی تعلق ہے تو ہر سال، مہینے۔۔ 2 مہینے بعد کوئی نیا جواز بناکر پیش کردیا جاتا ہے تو میں کوشش کرتا ہوں کہ اسے صحیح کروں تو دیکھے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔ مجھے اللہ سے اچھے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ 34 سالہ فواد عالم اب تک اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں 162 میچز کھیل کر 56 کی اوسط سے 11 ہزار 830 رنز اسکور کرچکے ہیں جبکہ حالیہ سیزن کی 9 اننگز میں انہوں نے 2 سینچریاں اور ایک نصف سینچری اسکور کرلی ہے۔
Comments are closed on this story.